حکومت نے طلبا کیلئے مساوی سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا 

حکومت نے طلبا کیلئے مساوی سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مساوی (ایکویویلنس) سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرادیا ہے جس سے ملک بھر کے طلبہ کو سفری اور تکنیکی دشواریوں سے نجات مل جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چیف سیکرٹری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ غلام علی نے آن لائن ایکویویلنس نظام کی تیاری میں تدریسی شعبے کے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تکنیکی دشواریوں کو دور کیا۔
شفقت محمود نے کہا کہ مقامی و بین الاقوامی تدریسی بورڈ کے ساتھ متعدد اجلاس کے بعد ایکویویلنس کا آن لائن سسٹم بنایا جس کے تحت طلبہ آن لائن اپنے دستاویزات جمع کرکے ایکویویلنس سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ درخواست کے ساتھ فیس کی ادائیگی بھی آن لائن ہوسکے گی جبکہ طلبہ کو کسی بینک کے سامنے لائن لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اگر طلبہ کو آن لائن درخواست جمع کرانے کی سہولتیں دستیاب نہیں تو وہ مینوئل طریقے (موجودہ رائج طریقہ) سے اپنی درخواست دے سکتے ہیں۔
شفقت محمود نے کہا کہ درخواست گزار کو اپنی درخواست کی ٹریکنگ کرنے کی سہولت بھی حاصل ہو گی اور حتمی مرحلے کے بعد متعلقہ ادارہ آپ کو سرٹیفکیٹ بذریعہ پوسٹ ارسال کردے گا، آن لائن ایکویویلنس نظام کا آغاز انقلابی تبدیلی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جتنے بھی کام کرنے کے طریقے ہیں انہیں آسان بنائیں، ایکویویلنس کی تصدیق کا مرحلہ بھی آن لائن ہوجائے گا اور تصدیق کے مرحلے میں درکار وقت انتہائی کم ہوجائے گا۔ 
واضح رہے کہ شفقت محمود نے رواں برس مارچ میں کہا تھا کہ طلبہ کو ایکویویلنس سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے بہت پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔ انہوں نے طلباءکی پریشانی کو کم کرنے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے عید الفطر کے بعد ایکویویلنس سرٹیفکیٹ کیلئے آن لائن نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔