سیلفی کا شوق ، سگی بہنوں سمیت تین لڑکیاں جان سے چلی گئیں

سیلفی کا شوق ، سگی بہنوں سمیت تین لڑکیاں جان سے چلی گئیں
سورس: file photo

نئی دہلی :  سیلفی کے شوق نےایک ہی خاندان کی  تین جواں سال لڑکیوں کی جان لے لی ،

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے علاقے تلنگانہ کے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کی تین لڑکیاں زرعی فارم کے واٹر ٹینک میں ڈوب کر ہلاک ہو گئیں۔ ہلاک ہونے والی لڑکیوں میں 16 سالہ الیمی سنیتا، اس کی بہن 14 سالہ ویشالی اور ان کی کزن 14 سالہ انجلی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق  تینوں لڑکیاں سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے کے لیے اچھی تصویر بنانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سنیتا اور ویشالی وقت گزارنے کے لیے اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اتوار کو اپنے زرعی فارم پر گئیں۔اس دوران لڑکیوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے پانی کے ٹینک کے قریب جا کر تصاویر کھینچنے کی خواہش ظاہر کی۔

جب لڑکیاں کافی دیر تک واپس نہیں آئیں تو ان کی والدہ کو فکر لاحق ہوئی ۔ 

گھر والوں نے لڑکیوں کی تلاش شروع کردی ناکامی کی صورت میں تھانے میں لڑکیوں کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی.

اگلی صبح کچھ دیہاتیوں نےواٹر ٹینک میں لڑکیوں کی لاشیں تیرتے دیکھیں تو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔ جائے حادثے سے ملنے والے موبائل فون کی تصاویر چیک کی گئیں تو وہ ڈوبنے سے چند لمحے پہلے کی تھیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں سے کوئی قتل کا شبہ نہیں ہوتا لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے پانی کے بڑے واٹر ٹینک میں گریں لیکن باہر نہ نکل سکیں ۔

تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ لڑکیاں پھسلن کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں تاہم واقعے کی مزید تحقیقات  جاری ہیں۔