نہال ہاشمی کا یو ٹرن، چیئرمین سینیٹ سے استعفیٰ قبول نہ کرنے کی درخواست

نہال ہاشمی کا یو ٹرن، چیئرمین سینیٹ سے استعفیٰ قبول نہ کرنے کی درخواست

اسلام آباد: نہال ہاشمی سب کو حیران پریشان کر گئے۔ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات میں استعفے کی تصدیق کے بجائے استعفیٰ واپس لے کر چلتے بنے۔ان کے اس عمل پر پارٹی کے ساتھی بھی حیران رہ گئے۔

سینیٹر راجا ظفر الحق، پرویز رشید اور چوہدری تنویر نے بھی چیئرمین سینٹ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ نہال ہاشمی استعفیٰ واپس لینا چاہتے ہیں اس لئے ان کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے۔

سینیٹر مشاہد اللہ کہتے ہیں استعفیٰ منظور کرانے کی درخواست لے کر چیئرمین سینیٹ کے پاس گئے تھے پتہ چلا نہال ہاشمی نے استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔ پارٹی کا فیصلہ ہے نہال ہاشمی کو استعفے پر قائم رہنا چاہیے تھا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں نہال ہاشمی نے شریف خاندان سے حساب لینے والوں پر پاکستان کی زمین تنگ کر دینے کی دھمکی دی تھی۔ غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز تقریر کا وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لے لیا تھا جبکہ نہال ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔

 

بعد ازاں نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کی سینیٹ سیکریٹریٹ نے بھی تصدیق کر دی تھی۔

کراچی میں مقدمہ درج

ادھر نہال ہاشمی کے خلاف گزشتہ روز کراچی میں بہادر آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ مقدمہ اٹارنی جنرل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق نہال ہاشمی نے عدلیہ کے خلاف دھمکی تضحیک آمیز الفاظ استعمال کئے۔ عدلیہ کے فرائض منصبی کو نقصان پہننے اور عدلیہ کی توہین کی۔ اپنی تقریر میں عدلیہ اور سرکاری تحقیقاتی ادروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام میں عدلیہ کے خلاف نفرت انگیز جذبات پیدا کئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں