130آئمہ کرام نے لندن حملےمیں مرنے والے دہشت گردوں کی نماز جنازہ پڑھانے سےصاف انکار کردیا

130آئمہ کرام نے لندن حملےمیں مرنے والے دہشت گردوں کی نماز جنازہ پڑھانے سےصاف انکار کردیا

لندن: برطانیہ میں 130آئمہ کرام نے لندن میں تین روز قبل 7معصوم شہریوں کا قتل کرنے والے حملہ آوروں کی نماز جنازہ پڑھنے سے انکار کردیا ۔ان کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے اس اقدام کے سخت مذمت کرتے ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے انڈپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق 130اماموں اورمذہبی رہنماﺅں کے گروہ نے لندن حملہ آوروں کی نماز جنازہ پڑھنے سے انکار کردیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہر قسم کے مسلمان کے لیے نماز جنازہ کرائی جاتی ہے لیکن وہ حملہ آوروں کی آخری رسومات میں حصہ نہیں لیں گے ۔

سوشل میڈ یا پر سامنے آنے والے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے اخلاقی اصولوں کو اعلیٰ درجے پر رکھا ہے اور ان اصولوں کے مطابق ہم غدار حملہ آوروں کی آخری رسومات ادا نہیں کر سکتے ۔انہوں نے دیگر اماموں اور مذہبی رہنماﺅں سے بھی درخواست کی کہ ان حملہ آوروں کی نماز جنازہ ادا نہ کریں ۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کے اقدام کا دفاع نہیں کیا جا سکتا کیو نکہ یہ اسلام کی اعلیٰ تعلیم کے خلاف ہے ۔ایسٹ لندن مسجد کے چیئر مین محمد حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ وہ شدت پسندی کے خلاف لڑیں گے اور اسلام سے متعلق گمراہ کن بیانیے کو ختم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک مرتبہ پھر مل کر ان کا سامنا کریں گے جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ لندن میں معصوم لوگوں کی جان لینے والے ہمیں دو حصوں میں تقسیم نہیں کرسکتے ۔حبیب الرحمان نے دہشت گردی میں ملوث افراد کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسلام اور آخر ی پیغمبر محمد ﷺکی تعلیمات کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کی گمراہی انہیں تباہی کی طرف لے جائے گی ،اللہ ان کے برے مقاصد میں انہیں ناکام بنائے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شدت پسندوں کے ساتھ کبھی کھڑے نہیں ہونگے ،دہشت گرد وں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.