اپوزیشن نے نہال ہاشمی کے استعفیٰ واپس لینے کو ن لیگ کی سازش قرار دیدیا

اپوزیشن نے نہال ہاشمی کے استعفیٰ واپس لینے کو ن لیگ کی سازش قرار دیدیا

اسلام آباد: نہال ہاشمی کی دھمکیاں، استعفیٰ اور پھر استعفے کی واپسی کو اپوزیشن نے نون لیگ کا ڈرامہ قرار دیدیا۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔ نہال ہاشمی کے پیچھے حکومت ہے صرف معاملے کو ٹھنڈا کرنے کیلئے ان سے استعفیٰ لیا گیا۔ اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا استعفی واپس لانے میں حکومت اور نواز شریف کی منشا ثابت ہو گئی۔

مشاہداللہ خان خود یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ نہال ہاشمی کی مراعات بحال ہیں۔ حسین نواز کی تصویر لیک معاملے پر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ تصویر حاصل کرنے کی صلاحیت کس کے پاس ہے اس سوال کا صیح جواب ہے نواز شریف۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ حکمران پارٹی اس وقت لڑائی کے موڈ میں ہے۔ ن لیگ نے فیصلہ کیا ہوا ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو فائنل نہیں ہونے دینا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگی جلد اداروں میں تصادم کروانے جا رہے ہیں یہ ڈنڈے بھی کھائیں گے، پیاز بھی اور ناک بھی رگڑیں گے۔ نواز شریف کی آج تک کسی سے نہیں بنی اور ان کے شہنشاہ بننے میں صرف فوج رکاوٹ ہے۔

یاد رہے شعلہ بیانی میں کمال رکھنے والے نہال نے ایک اور فیصلہ کر کے سیاست میں بھونچال کھڑا کر دیا تھا۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر مستعفی ہونے والے نون لیگی رہنما نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کر کے استعفیٰ واپس لے لیا۔ رضا ربانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ بطور سینیٹر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنا چاہتا ہوں استعفیٰ ذاتی وجوہات پر دیا جو منظور نہ کیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں