راولپنڈی کا شیطان اداروں میں تصادم چاہتا ہے، رانا ثنااللہ

راولپنڈی کا شیطان اداروں میں تصادم چاہتا ہے، رانا ثنااللہ

لاہور:پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کا شیطان نہال ہاشمی کے معاملے کو اداروں کے درمیان لڑائی قرار دے رہا ہے اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کررہا ہے۔


منگل کولاہور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کا جرم میری نظر میں صرف جوش خطابت ہے لیکن(ن)لیگ نے جوش خطابت پر اپنے کارکن کو سیاسی موت سے ہمکنار کیا، پارٹی قیادت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کی اور نہال ہاشمی سے استعفی بھی لے لیا گیا انہیں جو سزا پارٹی نے دی اس سے بڑھ کر اور کوئی سزا نہیں ہوسکتی۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایک ذہانت فروش نے استعفی لینے اور دینے کو ڈرامہ کہا اور اسے سازش قرار دیا۔

پنڈی کا شیطان نہال ہاشمی کے معاملے کو اداروں کے درمیان لڑائی قرار دے رہا ہے اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اچھی جان لے کہ ملک میں اداروں میں کوئی تصادم نہیں ہوگا اور جمہوری عمل چلتا رہے گا۔وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اطلاع کے مطابق نذر گوندل پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں نذرگوندل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تو اس جماعت کا اللہ ہی حافظ ہے اگر ایسے لوگ بھی ان کی جماعت میں شامل ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تبدیلی کا نعرہ لگاتے شرم آنی چاہیے۔

مشال خان قتل کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں خیبرپختون خوا پولیس کی نااہلی کا ذکر ہے جب کہ مشال قتل کی منصوبہ بندی کا مرکزی کردار بھی پی ٹی آئی سے تعلق رکھتا ہے۔ عمران خان بتائیں کے پی پولیس کی تعریفیں کہاں گئیں اور وہ تبدیلی کے نعرے کہاں گئے؟ کیا عمران خان ایسی ہی تبدیلی لانا چاہتے ہیں ایسی تبدیلی سے عوام پناہ مانگتے ہیں۔ مردان واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ آنے پرعمران خان کومستعفی ہوجاناچاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.