قطر میں پھنسے 550 پاکستانیوں کا معاملہ کامیابی سے حل کر لیا گیا

قطر میں پھنسے 550 پاکستانیوں کا معاملہ کامیابی سے حل کر لیا گیا

لاہور: پاکستانی سفیر شہزاد احمد، ویلفیئر اتاشی حافظ جنید اور وزارت خارجہ کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ قطر سعودی تنازع  کے بعد قطر میں پھنسے 550 پاکستانیوں کا معاملہ کامیابی سے حل کر لیا گیا۔ پی آئی اے نے عمرہ زائرین کی واپسی کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ قطر میں پاکستانی سفارتخانے کو عمرہ زائرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کر دی گئی۔ عملہ تاحال دوحہ ایئر پورٹ پر موجود ہے۔

پاکستانی سفارت کار کے مطابق سعودی عرب پہنچانے کیلئے عمان کی قومی ایئر لائن کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔ پہلے 400 پاکستانیوں کو صبح 7 بجے خصوصی طیارے سے مسقط پہنچا دیا گیا۔ باقی 150 مسافروں کو بھی عمان ایئر ویز کے ذریعے مسقط پہنچایا جائیگا جہاں سے تمام مسافر سعودی عرب جائیں گے۔

یاد رہے قطر سعودی تنازع کے بعد دوحہ ایئرپورٹ پر سینکڑوں پاکستانی عمرہ زائرین محصور ہو گئے تھے جس کے باعث عمرہ زائرین نے ایئرپورٹ پر ہی بستر لگا لئے تھے۔ گزشتہ روز سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، مصر، یمن، لیبیا اور مالدیپ نے دہشت گردی کی حمایت جاری رکھنے پر قطر کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی روابط کو اچانک ختم کر دیے تھے۔

ادھر قطر کا موقف ہے کہ دہشت گردوں کو مبینہ طور پر حمایت کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور اس فیصلے کا عام شہریوں کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں