اتحاد ایئر ویز کی مسافروں کےلئے مفت اسٹاپ اوور کی پیشکش

اتحاد ایئر ویز کی مسافروں کےلئے مفت اسٹاپ اوور کی پیشکش

کراچی:  متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز نے 15 ستمبر 2017ءتک پاکستان، مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے اتحاد ایئر کی اکانومی کلاس میں سفر کرنے والوں مسافروں کو ابوظہبی یاس آئی لینڈ میں واقع ریڈیسن بلیو ہوٹل میں ایک رات مفت قیام کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان سے اتحاد ایئر کی پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے آپریٹ کرتی ہیں جبکہ اس پیشکش سے پاکستان سے اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے مسافر استفادہ کرکے ایک رات قیام کی مفت سہولت کے ذریعے دبئی کی ہائی لائف سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اتحاد ایئر ویز کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ کمرشل محمد البلوکی کا کہنا ہے کہ اتحاد  ایئر  اپنے مسافروں کو ابوظہبی کے تجربات سے استفادہ کرنے کی دعوت میں خوشی محسوس کرتی ہے، متحدہ عرب امارات کے دارالخلافہ میں سیاحت اور ثقافت کے رنگوں کے ساتھ ساتھ حسین ساحلوں پر ایڈوینچر اور واٹر اسپورٹس کے بے پناہ مواقع ہیں۔

قومی ایئر لائن کی حیثیت سے اتحاد ایئر ابوظہبی کےلئے ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور ابوظہبی سے ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کےلئے اتحاد ایئر کی اسٹاپ اوور پیشکش انتہائی پر کشش ہے، ابوظہبی میں اسٹاپ اوور کرنے والے مسافر یہاں کے خوبصورت صحرا، عظیم الشان شیخ زاید گرینڈ مسجد اور یاس آئی لینڈ کے خوبصورت مناظر سے محفوظ ہوسکتے ہیں۔

گزشتہ برس ابوظہبی میں 44 لاکھ مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی جو کہ اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ مسافر ابوظہبی کو بہترین اسٹاپ اوور تصور کرتے ہیں، مسافر یہاں یاس واٹر ورلڈ،فراری ورلڈ،ڈیزرٹ سفاری،منارات السادیات،جلد ہی کھلنے والے Louvre Museum,مقامی و بین الاقوامی پکوانوں،ورلڈ کلاس گالف،فارمولا ون اتحاد ایئر ویز ابوظہبی گرینڈ پرکس اور اس کے ٹریک کے ساتھ ساتھ یاس مرینہ سرکٹ سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں جبکہ ابوظہبی میں ورلڈ کلاس شاپنگ مالز یاس مال،ابوظہبی مال،مرینہ مال اور گیلیریا سے خریداری کے مزے بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔

اتحاد ایئر ویز 2011سے اسٹاپ اوور پروگرام پر عمل پیرا ہے جس میں مسافروں کو رہائش کے ساتھ ساتھ ،ٹرانسپورٹیشن،ٹور ،ویزا پروسیسنگ سروس سمیت دیگر سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں