چاول کا چھلکا بلڈ پریشر، سوزش ، جلن اور جراثیموں سے بچائے

چاول کا چھلکا بلڈ پریشر، سوزش ، جلن اور جراثیموں سے بچائے

امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ چاول کا چھلکا طبی اور غذائی اجزا کے ساتھ بلڈ پریشر، سوزش ، جلن اور جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کولاراڈو اسٹیٹ یونیورسٹی کی پروفیسر ایلزبتھ ریان کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق اگر صرف دن میں ایک مرتبہ چاول کا 28 گرام چھلکا کھا لیا جائے تو یہ کسی بالغ شخص کی روزانہ کی نصف توانائی پوری کر سکتا ہے جن میں نیاسن، تھایامائن اور وٹامن بی 6 قابل ذکر ہیں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ چاول کے چھلکے کو جانوروں کو کھلا دیا جاتا ہے۔

انھوں نے چاول کے چھلکے میں چھپے اہم اجزا کا پتا لگانے کے لیے امریکا میں استعمال ہونے والی چاولوں کی تین اہم اقسام پر غور کیا، اور اس کے لئے ایک مشہور طریقے ماس اسپیکٹروسکوپی کی مدد سے معلوم کیا گیا کہ اس میں کتنے غذائی اجزا کے سالمات موجود ہیں۔

معلوم ہوا کہ اس میں 453 اہم اجزا موجود ہیں جن میں سے 65 تو طبی اور صحت کے لیے بہترین خواص رکھتے ہیں اور 16 اس سے قبل چاول کے چھلکے میں دیکھے ہی نہیں گئے تھے۔

پروفیسر ایلزبتھ کہتی ہیں کہ چاول کے چھلکے میں طبی اور غذائی اجزا کی بھرمار ہے اس میں موجود اجزا بلڈ پریشر، سوزش اور جلن کے علاوہ جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کے علاوہ چاول کا چھلکے میں 12 سے 15 فیصد پروٹین بھی ہوتا ہے۔

مصنف کے بارے میں