نگران وزیراعظم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

نگران وزیراعظم کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کیپشن: نجی دورہ سوات میں آنیوالے اخراجات نگران وزیراعظم قومی خزانے میں جمع کرائیں، درخواست گزار۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اے پی پی

لاہور ہائیکورٹ میں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل جاوید اقبال جعفری نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کے خلاف درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگران وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد اپنے آبائی علاقے سوات کا دورہ کیا جس پر سرکاری خزانے سے بے پناہ اخراجات کیے گئے۔

درخواست میں کہا گیا کہ دورہ سوات میں نگران وزیراعظم کو پروٹوکول دیا گیا، ان کی سیکیورٹی اور آمدورفت پر جو اخراجات آئے وہ سرکاری خزانے سے لیے گئے لہٰذا یہ نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں۔

مزید پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد نے حلف اٹھا لیا

درخواست میں استدعا کی گئی کہ نگران وزیراعظم کو حکم دیا جائے کہ وہ اپنے نجی دورہ سوات میں آنے والے اخراجات کو قومی خزانے میں جمع کرائیں۔

لاہور ہائیکورٹ کےرجسٹرار آفس نے پہلے اس درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ یہ درخواست ہاتھ سے تحریر شدہ ہے اسے کمپیوٹرائز نہیں کیا گیا تاہم درخواست گزار نے اس پر اعتراض دور کیے بغیر دوبارہ درخواست جمع کرادی جس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید نے درخواست پر سماعت کی اور اعتراض دور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں