پاکستان ٹیم کو ورلڈ نمبرون بنانا اور غلبہ دلانا ہے،ثقلین مشتاق

پاکستان ٹیم کو ورلڈ نمبرون بنانا اور غلبہ دلانا ہے،ثقلین مشتاق

لاہور :پی سی بی ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ڈویلپمنٹ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ نمبر ون بنانا اور غلبہ دلانا ہے، اس کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر اور کوچز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔


سپن بولنگ میں دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ جڑنا عزت کی بات ہے اب بھی ویساہی جذبہ ہے جیساپاکستان کے لیے کھیلنے کے لیے تھا۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ پلئیرز ڈویلپمنٹ کے لیے ایک اچھا ویژن بنایا گیا ہے، گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو لانا اور اوپر کے کھلاڑیوں کو مزید نکھارنا ہے۔

سابق آف اسپنر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ نمبر بنانا اور غلبہ دلانا ہے ، اس کےلئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کلاس کٹگری میں لائیں گے اور برانڈ بنائیں گے۔ثقلین نے کہا کہ ہمیں ورلڈ کلاس کی چٹ دی گئی اور اب ہم سب نے مل کر کام کر کے نوجوانوں کو ورلڈ کلاس کی چٹ دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے لمبے وقفے کے بعد کھیل کی سرگرمیاں شروع کرنا مشکل تو ہو گا تاہم ایسے ہی تو بیٹھا نہیں جا سکتا ، یقینی طور پر مصباح الحق اور ان کے ساتھی اچھا پلان ترتیب دے رہے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ کھیلنے کے لیے ایک ہفتہ بھی مل جائے تو مفید ہوتا ہے۔