شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے، شیخ رشید کا دعویٰ

شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے، شیخ رشید کا دعویٰ
اسٹیل ملز میں حکومت وہی کریگی جو سپریم کورٹ فیصلہ کریگی، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ شوگر سکینڈل میں ملوث تمام افراد جیل جائیں گے اور نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں ریگ مال ضرور مارا گیا ہے۔ عمران خان کو مفاہمتی کردار وں سے کوئی دلچسپی نہیں۔


 وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اپنے گھر کے پیچھے والے کمرے میں چھپے تھے اور کہا تھا عید کے بعد ٹارزن کی واپسی ہو گی، ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا، میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں جبکہ اسٹیل ملز میں حکومت وہی کریگی جو سپریم کورٹ فیصلہ کریگی کیونکہ ملک غریب کیلئے بنا اور مستفید چور ہوئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا باہر زندگی گزارنا مشکل کام ہے یہ ویسے ہی تصویروں میں واک، چائے نظر آتی ہے، حقیقت میں تو ان کے رنگ پسٹن خراب ہو چکے ہیں اور انجن دھواں دے رہا ہے تاہم تصویر پر نہ جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سے کوئی پوچھے ان پر کیا گزر رہی ہے اور کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں یہ خاندان چینی میں بھی نہیں بچے گا، ذخیرہ اندوز مافیا پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کا انتظار کر رہا ہے۔شیخ رشید نے ریلوے کے تمام کرنٹ بکنگ دفاتر کھولنے کا اعلان بھی کیا۔