شہبازشریف کا کورونا پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

شہبازشریف کا کورونا پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
کیپشن: کورونا کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔شہباز شریف نے کورونا سے اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافے پر اظہار تعزیت و افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اموات کی شرح اور متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ متقاضی ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر حالات کا جائزہ لیں اور مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کی تباہ کاری وزیراعظم اور حکومت کے دعووں کو غلط ثابت کر چکی ہے، اصلاح احوال کے لئے نظر ثانی کی جائے۔ حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے وزیراعظم صاحب کی کنفیوژن اب تک دور ہو جانی چاہئے تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا وباء میں اضافے کا الزام عوام پر نہ لگایا جائے اور انہیں تیار کیا جائے اور آگاہی دی جائے، ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی اور علاج معالجے کے لئے درربدر کی ٹھوکریں کھانے والے عوام کی شکایات کا ازلہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔