ملک میں کورونا زبردستی پھیلایا گیا، بلاول کا حکومت پر الزام

ملک میں کورونا زبردستی پھیلایا گیا، بلاول کا حکومت پر الزام
کیپشن: عوام کو غلط معلومات دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنی چاہیے، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ کورونا وائرس ملک میں زبردستی پھیلایا گیا جس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نہ صرف پھیلا گیا بلکہ زبردستی پھیلایا گیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اور کارکنوں نے کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے لیکن وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، جو فیصلے کیے اس کے ذریعے ہماری خودمختاری نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسپتالوں کے بھرنے کا ذمہ دار کسے ٹہراؤں، کسی کو تو ذمہ داری اٹھانی پڑے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے اور عوام کو غلط معلومات دی جا رہی ہیں جبکہ عوام کو غلط معلومات دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کاٹنی چاہیے تاہم وفاقی حکومت رویہ درست کرے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کی صحت و زندگی کو خطرے میں ڈال دیا، وزیراعظم تاجروں اور کاروباری لوگوں سے ملتے ہیں لیکن ایک دفعہ بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے سے نہیں ملے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار مزدوروں کو فارغ کرنا انسانیت کے خلاف ہے۔ اس فیصلے کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، ٹڈی دل کے مسئلے پر سندھ کو لاوارث چھوڑدیا گیا۔