شاہ زین بگٹی، عثمان ترکئی اور سلمان رفیق بھی کورونا کا شکار ہو گئے

شاہ زین بگٹی، عثمان ترکئی اور سلمان رفیق بھی کورونا کا شکار ہو گئے
شاہ زین بگٹی اور ان کے کئی ساتھیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ چند روز کے دوران اوسطاً دو ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں ان میں اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ لیگی ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ایم این اے عثمان خان ترکئی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے لکھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور میں نے اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

ٹویٹ میں لیگی رہنما نے مزید لکھا کہ الحمد للہ میری صحت بہتر ہے اور مجھے اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔

دوسری طرف سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے خواجہ سلمان رفیق کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔ آپ ہمارا اثاثہ ہیں۔

ڈیرہ بگٹی سے ایم این اے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ان کے کئی ساتھیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ پی پی ایل سوئی کے پندرہ ملازمین کے بھی ٹیسٹ پوزیٹو آگئے، تمام افراد نے خود کو گھروں میں آئسولیٹ کردیا۔

دریں اثناء صوابی سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

عثمان خان ترکئی کا کہنا ہے کہ میری بیوی، بیٹے اور بہود کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، ہم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، قوم ہماری صحت کے لیے دعا کرے۔

واضح رہے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 93 ہزار 983 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 935 ہوگئی۔