بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، فرخ حبیب  

No new tax will be imposed on salaried class in the budget: Farrukh Habib
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا عوام میں جھوٹ پھیلانا ہے۔ ملکی معیشت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ بلاول بھٹو کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں ہے۔ انھیں چاہیے کہ وہ سندھ میں مافیاز کیخلاف اقدامات کریں۔

ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اشیائےخورونوش کی قیمتوں میں 40 فیصد، چینی کی قیمت میں 47 فیصد جبکہ خوردنی تیل کی قیمت میں 124 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اپنی ضرورت کا گھی اور تیل باہر سے امپورٹ کرتا ہے۔ وزیراعظم نیشنل فوڈ سکیورٹی پر کام کر رہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو نہیں بڑھنے دیا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ماضی کے معاہدے ہیں۔ (ن) لیگ کے دور میں 25 سے 35 فیصد مہنگے بجلی گھر لگائے گئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف فرماتے ہیں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی جبکہ ''پرچی چیئرمین'' کا معاملہ ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا والا معاملہ ہے۔