عمران خان انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل کسی سے بات نہیں کرے گا: شیخ رشید

عمران خان انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل کسی سے بات نہیں کرے گا: شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے پر ہی بات چیت ہو سکتی ہے، انتخابات اسی سال ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ 
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان الیکشن کی تاریخ ملنے سے پہلے کسی سے بات نہیں کرے گا اور وہ بجٹ کے بعد حکومت کے خلاف اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، باپ اور بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہوچکے ہیں، حکومت ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں میں مرضی کی تبدیلیاں کررہی ہے اور دھاندلی شروع ہو چکی ہے۔ 
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کر لی جن کے خلاف مختلف شہروں میں توہین مذہب کے 17 مقدمات درج ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس محمد طارق ندیم نے شیخ رشید کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی جس دوران سابق وزیر داخلہ پیش ہوئے۔

مصنف کے بارے میں