رواں برس خواتین عازمین حج کیلئے نئی شرط عائد کر دی گئی

رواں برس خواتین عازمین حج کیلئے نئی شرط عائد کر دی گئی

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں برس خواتین عازمین حج کیلئے نئی شرط عائد کر دی ہے اور اس کے علاوہ عازمین حجاج کے بغیر اجازت نامے ریاض الجنہ میں داخلے پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے عازمین کی جانب سے وضاحت طلب کی جا رہی تھی کہ خواتین گزشتہ برسوں میں حج کرنے والے شخص کو بطور محرم لے جا سکتی ہیں یا نہیں جس پر وزارت کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔ 
وزارت حج و عمرہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خواتین عازمین ایسے محرم کے ساتھ فریضہ حج ادا نہیں کر سکیں گی جس نے گزشتہ 5 برس کے دوران حج ادا کیا ہو۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے رواں برس داخلی عازمین حج کیلئے درخواستیں دینے کی تاریخ 3 تا 11 جون مقرر کررکھی ہے اور خوش نصیبوں کا اعلان قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی حکام نے حج کے دوران ریاض الجنہ میں داخلے کو پیشگی اجازت نامے سے مشروط کر دیا ہے اور بغیر اجازت نامے کے ریاض الجنہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جبکہ یہ فیصلہ کورونا ایس او پیزاور شدید رش سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔ 
وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج سعودی اجازت نامے کے بغیر’ ریاض الجنہ‘ نہ جائیں کیونکہ اجازت کے بغیر داخلے کی صورت میں سعودی حکام کی جانب سے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 
وزارت مذہبی امور کی جانب سے یہ وضاحت بھی جاری کی گئی ہے کہ حرم نبوی ﷺ کے دیگر حصوں میں نماز کی ادائیگی کیلئے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔ 

مصنف کے بارے میں