مہمند ایجنسی حملہ، افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

مہمند ایجنسی حملہ، افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد : پاکستان میں تعینات افغانستان کے نائب سفیر عبدالناصر کو دفتر خارجہ طلب کر کے دہشتگردوں کی طرف سے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا کہ سرحد پار سے حملے کسی صورت برداشت نہیں۔ افغانستان دہشت گردوں کیخلاف فوری اور موثر کارروائی کرے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک افغان بارڈر اسی لئے بند ہے کیونکہ دہشتگرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو کر پاکستان میں دہشتگردی پھیلاتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے احتجاجی مراسلہ تھماتے ہوئے افغان سفیر سے مطالبہ کیا ہے کہ 76 دہشتگردوں کے حوالے سے دی گئی حالیہ فہرست پر افغان حکومت کی جانب سے کارروائی عمل میں کیوں نہیں لائی گئی جبکہ افغان حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ پڑوسی ملک کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے۔ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا فغانستان واقعے کی تحقیقات کر کے پاکستان کو آگاہ کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں نے سرحد پار کرتے ہوئے پاک فوج کی تین چیک پوسٹوں پر حملہ کیا تھا حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جوان شہید اور دس دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں