گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا اب ملک میں تیر ہی چلے گا:بلاول

گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا اب ملک میں تیر ہی چلے گا:بلاول
کیپشن: bilawal bhutto asif zardari ppp بلاول بھٹو ، آصف زرداری پیپلزپارتی

کراچی : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کے نتائج آئندہ انتخابات کا ٹریلر ہے ، شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن آئندہ الیکشن کی تیاری کریں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گھوٹکی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر عبدلباری پتافی اور گھوٹکی کے عوام کو مبارکباد دی ۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات آئندہ الیکشن کا ٹریلر ہیں ، فتوحات کا یہ سلسلہ اب ملک بھر میں جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے کو عبرتناک شکست عوام کی فتح ہے ۔اب ملک میں صرف تیر چلے گا ، پیپلزپارٹی کے تمام مخالفین کو اپنے وزن کا پتہ چل گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی بونے اب توبہ کریں اور خواب دیکھنا چھوڑ دیں ۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ وزرا ، منتخب نمائندے ، پارٹی عہدیدار اور کارکن مل کر عوام کی خدمت جاری رکھیں ۔

انھوں نے کہا کہ اب بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ فیصلہ ضمیر کا ، ووٹ بینظیر کا ، پارٹی عہدیدار اور کارکن آئندہ انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں ، الیکشن میں کامیابی پر حلقے کی عوام اور جیالے مبارکباد کے مستحق ہے۔