بیگم کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر نکل آیا، مزید سرجری کا فیصلہ

بیگم کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر نکل آیا، مزید سرجری کا فیصلہ

لندن: ڈاکٹرز نے میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے گردن میں دوبارہ ٹیومر آنے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق برطانوی ڈاکٹر  بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کر چکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کے نام عمران خان کو دے دیئے گئے، ذرائع

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے بیگم کلثوم نواز کے سی ٹی اسکین اور گیلیم اسکین کیے گئے جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ کی گردن میں ٹیومر دوبارہ آ گیا ہے جس کے باعث ڈاکٹرز نے ان کی ریڈیو تھراپی ٹریٹمنٹ کے ساتھ مزید سرجری کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف کی نااہلی پر خالی ہونے والی لاہور کی نشست سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں لیکن خرابی صحت کے باعث وہ اب تک حلف نہیں لے سکی ہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی تھی۔ کلثوم نواز نے 17 ستمبر کو ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹریاسمین راشد کو 13 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر رکن قومی اسمبلی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کلثوم نواز کی پہلی سرجری کے موقع پر نواز شریف اور ان کے صاحبزادے بھی ہسپتال میں موجود تھے تاہم مریم نواز اپنی والدہ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھی اور ان کی انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں