چیئرمین سینیٹ کیلئے نواز شریف اور وزیراعظم عباسی نے سر جوڑ لیے

چیئرمین سینیٹ کیلئے نواز شریف اور وزیراعظم عباسی نے سر جوڑ لیے

لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے تاحیات صدر نواز شریف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ناموں پر تبادلہ خیال۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم سے جاتی امرا میں ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماوں نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات تک دوسری سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں سے مکمل رابطہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے معاملے پر نواز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل ہوگا جس میں دونوں عہدوں کے لیے امیدواروں کے انتخاب کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے بھی رابطے کرے گی۔

اس سلسلے میں نواز شریف نے خود اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے کیے اور ان پر متفقہ امیدوار لانے پر زور دیا، جبکہ اتحادیوں نے نواز شریف کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی بھی کروائی۔