شام: 16 روز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی

شام: 16 روز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی

السفيرة: شام میں حکومت کی بمباری سے مزید 70 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد 16 روز میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے امدادی قافلے مشرقی غوطہ میں موجود رہائشیوں کو امداد کی فراہمی میں ناکام ہوئے ہیں جبکہ شامی حکومت کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ بمباری میں مزید 70 افراد ہلاک ہوئے۔

شام کی سرکاری فورسز کو روس کی حمایت حاصل ہے اور وہ مشرقی غوطہ میں مسلسل 16 روز سے بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں، اس دوران اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے 30 روزہ جنگ بندی کی قرارداد بھی منظور کی گئی تھی جبکہ روس نے بھی 5 گھٹنے کے لیے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن ان دونوں پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

اس فضائی مہم کے جاری رہنے کے باوجود گزشتہ روز تقریباً ایک ماہ بعد پہلی مرتبہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی)، شامی عرب ریڈ کریسینٹ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 46 ٹرکروں کو سرکاری زیر اثر چوکیوں سے گزار کر متاثرہ علاقے تک پہنچایا گیا لیکن امدادی رضاکاروں کا کہنا تھا کہ اس سامان میں سے زیادہ تر شام کی فورسز نے ضبط کرلیا تھا۔ ان امدادی قافلوں میں سرجیکل سپلائیز اور ادویات سمیت 5 ہزار 500 آٹے اور دیگر کھانے کے سامان کی بوریاں موجود تھیں جو تقریباً 27 ہزار 500 لوگوں کی خوراک کے لیے کافی تھی۔