کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن پاکستان آنے پر آمادہ

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن پاکستان آنے پر آمادہ
کیپشن: بلوچستان حکومت نے بھی شین واٹسن پاکستان آنے کے لیے معاوضہ دینے کا یقین دلایا تھا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان سپر لیگ میں ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میلہ سجنے سے پہلے دنیا کے مشہور آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن نے کراچی آنے کا اعلان کر دیا ہے۔

شین واٹسن گزشتہ دو سال سے پاکستان آنے سے انکار کرتے رہے تھے تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مذاکرات کے بعد شین واٹسن کی پاکستان آمد کا اعلان ان کے منیجر اعظم خان نے بدھ کو کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شین واٹسن نے پاکستان آنے کے لیے بھاری معاوضہ طلب کیا اور بلوچستان حکومت نے بھی انہیں پاکستان آنے کے لیے معاوضہ دینے کا یقین دلایا تھا۔

ذرائع کے مطابق شین واٹسن نے تین لاکھ امریکی ڈالرز کا مطالبہ کیا تھا تاہم بعد میں وہ بغیر پیسوں کے پاکستان آنے پر راضی ہو گئے۔

کوئٹہ کی ٹیم آج کراچی پہنچے گی جبکہ شین واٹسن اور غیر ملکی کھلاڑی جمعرات کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ کوئٹہ کے اوپنر شین واٹسن کے علاوہ رائلی روُسو، ڈوائین براوو اور فواد احمد پاکستان جانے کے لیے تیار ہیں۔