کراچی، عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے آپریشن جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی

کراچی، عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے آپریشن جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی
کیپشن: جاں بحق ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں، ڈاکٹر سہیل خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: عمارت گرنے کا واقعہ کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں پیش آیا جہاں پانچ منزلہ مخدوش عمارت ملحقہ دو عمارتوں کے ساتھ زمین بوس ہو گئی۔رضویہ سوسائٹی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ دونوں خواتین آپس میں بہنیں ہیں اور ان کی لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت سارہ اور حرا دختر عبدالرشید کے ناموں سے ہوئی ہے۔

عباسی شہید ہسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر سہیل خان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔

عمارت میں کئی خاندان آباد تھے۔ ملبے سے پچیس سے زائد زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے تاہم مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارت 3 سال پہلے تعمیر کی گئی لیکن بلڈر چار منزلہ عمارت پر اب پانچویں منزل بھی تعمیر کر رہا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں بورنگ کی کھدائی عمارت گرنے کی وجہ بنی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

پاک فوج کی انجینئرنگ کور بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہے اور سکینرز کے ذریعے ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں دو سال میں عمارت زمین بوس ہونے کا چوتھا حادثہ پیش آیا ہے۔ حکومت کی جانب سے شہر کی چار سو عمارتیں مخدوش اور ڈیڑھ سو خطرناک قرار دی گئی لیکن انھیں خالی نہیں کرایا جا سکا ہے۔