پی ٹی آئی کارکن بھپر گئے، احسن اقبال کو جوتا دے مارا، مصدق ملک کو تھپڑپڑ گیا

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے بدتمیزی کی انتہا کردی ۔ پارلیمنٹ کے باہر ن لیگ کے رہنماؤں سے ہاتھا پائی کی۔ پی ٹی آئی کے کارکن نے احسن اقبال کو جوتا مار دیا۔ایک کارکن نے مصدق ملک کو تھپڑمارا

احسن اقبال اور دیگر رہنما پارلیمنٹ کے باہر تقریر کر رہے تھے کہ ایک کارکن نے جوتا دے مارا جو ان کے سر پر لگا۔ قبل ازیں ن لیگ کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، مصدق ملک ، مریم اورنگزیب ، احسن اقبال ، خرم دستگیر اور پریس کانفرنس کرنے آئے تو  پی ٹی آئی کے کارکنوں نے حملہ کردیا۔ 

پی ٹی آئی کارکنوں نے مریم اورنگزیب کا دوپٹا کھینچ لیا ۔ مصدق ملک کو دھکے دیے۔اور تھپڑ بھی مارے۔جس کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کارکن کو پکڑا اور اس کو تھپڑا دے مارا۔

پارلیمنٹ کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ، مریم اورنگزیب اور دیگر کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔

پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کےحق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس سے لیگی رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے جب کہ لیگی کارکنان نے اپنے رہنماؤں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس میں لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی سے بھی پی ٹی آئی کارکنان  دست و گریباں ہوگئے ۔ پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنا رہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  جس میں ہمت  ہے کیمرے کےسامنے آ جائے، میں پیچھے ہٹنے والا نہیں۔ پتا چل جائے گا عمران خان کی حیثیت کیا ہے ۔ میدان حاضر ہے، آؤ الیکشن  میں مقابلہ کرلو۔ہم اس آدمی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ہم نے شرافت کی سیاست کی ہے۔کرائے کے غنڈے لانا چھوڑ دیں ۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جتنی بد معاشی آپ کرو گے اس سے زیادہ بدمعاشی ہم کریں گے ۔کرائے کا وزیر اعظم کرائے کے غنڈے لے کر آیا تھا۔ کدھر ہے وزیر داخلہ جو کہتا تھا یہاں کسی کو کھڑا نہیں ہونے دیں گے۔یہ  نہ وزیراعظم تھا  ،نہ ہے ۔نواز شریف کے شیروں نے ا نکے غنڈوں کو بھگایا۔

مسلم لیگ ن کے رہنمامصدق ملک بولے کہ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے پولیس کہاں تھی ۔ پولیس اب آئی ہے جب سروں سے چادر چھین لی گئی۔ جو منہگائی کی بات کرے ان کے سروں سے چادر نوچ لو۔ یہ وہ ریاست ہے جس کا ذکر عمران خان کرتے ہیں ۔ یہ وہ مدینہ کی ریاست ہے جہاں عورتوں کی عزت محفوظ نہیں۔ پانچ لوگوں کے سامنے پانچ سو لوگ تھے۔ جو مہنگائی کی بات کرے ان کے سروں سے چادر نوچ لو۔میڈیا کے سامنے ہم پر حملہ کیا گیا۔