اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم کو مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی

اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم کو مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی
کیپشن:   اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم کو مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی سورس:   فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اراکین نے وزیراعظم کو مستقبل میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔ اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو ایوان سے اعتماد کے ووٹ میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے اتحادی جماعتوں کے اراکین میں متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی، امین الحق، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی فہمیدہ مرزا، جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نواب شاہ زین بگٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ شامل تھے۔

اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر دفاع پرویز خٹک، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی کا آغاز کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی نے اسپیکر کی اجازت سے وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے 178 ووٹ حاصل کیے جب کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں 176 ووٹ ملے تھے اس طرح انہوں نے پہلے کے مقابلے میں 2 اضافی ووٹ لیے۔

اسپیکر کی جانب سے وزیراعظم کی کامیابی کے اعلان پر حکومتی اراکین نے ایوان میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔