بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز کی ظہرانے کی دعوت قبول کر لی

بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز کی ظہرانے کی دعوت قبول کر لی
کیپشن:    بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز کی ظہرانے کی دعوت قبول کر لی سورس:   فائل فوٹو

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی جانب سے دی گئی ظہرانے کی دعوت قبول کرلی۔

بلاول بھٹو زرداری نے حمزہ شہباز کو ٹیلی فون کیا اور سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی بھرپورحمایت پر شکریہ ادا کیا۔ حمزہ شہباز نے بلاول بھٹو زرداری کوکل لاہور میں ظہرانے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ظہرانے پر ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اورلانگ مارچ سمیت دیگرمعاملات پر بھی گفتگو کا امکان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حمزہ شہباز نے بلاول کی دعوت پر اسلام آباد میں ہونے والے عشائیے میں شرکت کی تھی۔

آج چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں سیاست ناممکن کو ممکن بنانے کے فن کا نام ہے، سینیٹ کی ایک سیٹ کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا، پی ڈی ایم نے سینیٹ انتخابات میں حکومت کو شکست دی، ملک میں ڈھائی سال سے ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، 3 سال سے کٹھ پتلی نظام چل رہا ہے، غیر سیاسی سپورٹ سے تمام دروازے بند ہوتے جا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارٹی جلوس پارلیمان میں بلا کر آپ پارلیمانی اکثریت ثابت نہیں کرسکتے، صدر مملکت نے بھی تسلیم کیا عمران خان پارلیمانی اکثریت کھوبیٹھےہیں، ہم آپ کو بتائیں گے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا، آپ کو پارلیمان میں سپورٹ ہے نہ عوام میں۔