علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل ، وزیر اعظم کا منظر عام پر آنیوالے پی ٹی آئی ارکان سے متعلق حیران کن ردعمل

PM Imran Khan Met with

اسلام آباد : سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل پی ڈی ایم امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی   منظر عا م پر آگئے ،  فہیم خان اور محمد جمیل نے واقعے کی تفصیلات سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کر دیا،  وزیر اعظم  نے انکی پارٹی کیلئے خدمات کی   تعریف کر تے ہوئے کہا  آپ نے بدعنوان عناصرکو بے نقاب کیا ۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ویڈیو میں مبینہ طور پر موجود چاروں کرداروں نے ملاقات کی ، وزیراعظم سے ان ارکان کی قومی اسمبلی چیمبر میں ملاقات ہوئی ، جس میں پی ٹی آئی ارکان عطااللہ ، اسلم خان، جمیل احمد اور فہیم خان شامل ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کی پارٹی کے لیے خدمات کی تعریف کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ نے بدعنوان عناصرکو بے نقاب کیا ،لوگوں کو ایکسپوزکرنیکا عمل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی نشست ہارنے کی بڑی وجہ بھی پیسے کا استعمال ہے کیوں کہ لوگ ہر چیز کو پیسے سے تولتے ہیں۔ 

واضح رہے  اس سے قبل علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود پی ٹی آئی ایم این ایز جمیل احمد  اور فہیم خان کی گفتگو  بھی سامنے آ گئی، اس گفتگو کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ہم دونوں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود تھے لیکن ہم وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں اور اس معاملے پر پارٹی کا بیانیہ جلد آ جائے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہ اسٹنگ آپریشن کس کے کہنے پر کیا تھا جس کے جواب میں ایم این اے جمیل نے کہا ہم نے ویڈیو کسی کے کہنے پر نہیں بنائی اور ہم الیکشن کمیشن کے سامنے آئیں گے ہمارا دامن صاف ہے۔