پشاور کی جامع مسجد میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی شناخت ہو گئی، حکومت کا دعویٰ 

پشاور کی جامع مسجد میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کی شناخت ہو گئی، حکومت کا دعویٰ 

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کی جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد کے جسمانی اعضا اور فنگر پرنٹ سے دہشت گرد کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ اس کے کچھ سہولت کاروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ لگا لیا گیا ہے جبکہ دہشت گرد اور اس کے ساتھیوں کو لانے والے رکشہ ڈرائیور تک پولیس نے رسائی حاصل کر لی ہے تاہم دہشت گرد کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور تربیت یافتہ تھا جس کے جسمانی اعضاءاور فنگر پرنٹس بھی حاصل کئے گئے ہیں اور ان کی مدد سے ہی اس کی شناخت کی گئی ہے جبکہ گزشتہ روز پشاور پولیس کی جانب سے خودکش حملہ آور کے خاکے تیار کر لینے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔ 
سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور اپنے طریقہ واردات سے کافی تربیت یافتہ لگ رہا تھا، اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے 3 سے 4 سال تک تربیت حاصل کی تھی جبکہ پولیس نے سیکیورٹی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی، مسجد کے گیٹ پر چیکنگ کیلئے ایک کانسٹیبل غیر مسلح جبکہ دوسرا اسلحے سے لیس تھا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ پشاور خودکش دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے اور ایک دو روز میں پولیس ملزمان تک پہنچ جائے گی۔ 

مصنف کے بارے میں