سرگودھا تقریر: مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلیے درخواست پر فیصلہ محفوظ 

سرگودھا تقریر: مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلیے درخواست پر فیصلہ محفوظ 

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹس شجاعت علی خان کے روبرو پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی،  جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سرگودھا جلسے میں تقریر کے دوران مریم نواز نے  اداروں کے خلاف بات کی، انہوں نے عوام کو اداروں کے خلاف اوربغاوت پر اکسانے کوشش کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ مریم نواز نے سرگودھا میں تقریر کی اور یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ مریم نواز نے 6 مواقع پر توہین عدالت کی ہے۔ یہ درخواست میں نے اپنی مشہوری کے لیے نہیں کی۔ ہمیں توہینِ عدالت کے قانون پر عملدرآمد کروانا ہوگا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت مریم نواز کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرے ۔