قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا

قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا
16 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی 9 سے 11 مئی تک جمع کرائے جا سکیں گے۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ فیس بُک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد سابق فاٹا میں یہ پہلا صوبائی انتخاب ہو گا جس کے لیے پولنگ 2 جولائی کو ہو گی۔


الیکشن کمیشن کے مطابق 16 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی 9 سے 11 مئی تک جمع کرائے جا سکیں گے اور نامزد امیدواروں کے ناموں کی فہرستیں 12 مئی کو جاری کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات کی اسکروٹنی کی آخری تاریخ 18 مئی ہو گی۔ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 22 مئی اور اپیلوں پر فیصلہ ٹریبونل 27 مئی تک کرے گا جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 28 مئی کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 29 مئی ہو گی اور امیدواروں کو انتخابی نشان 30 مئی کو الاٹ کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے سابقہ فاٹا میں سرکاری محکموں میں تقرری اور تبادلوں پر پابندی لگا دی۔