عید اور رمضان کے چاند پر لاکھوں خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، فواد چوہدری

عید اور رمضان کے چاند پر لاکھوں خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے، فواد چوہدری
کیپشن: دس سال کا کیلنڈر بن جائے گا تو غیر ضروری اخراجات اور تنازعات سے بچ جائیں گے، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ وفاقی وزیر آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی اور چاند سے متعلق تازہ بیان جاری کر دیا۔ کہتے ہیں علماء کا احترام ہے لیکن پوری دنیا میں ایسے معاملات رضا کارانہ بنیادوں پر ہوتے ہیں اور میں نے رائے دی ہے ہر کسی کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عید اور رمضان کے چاند پر 36 سے 40 لاکھ خرچ کرنا کہاں کی عقلمندی ہے۔ کم از کم چاند دیکھنے کا تو معاوضہ نہیں ہونا چاہیے اور رویت ہلال کمیٹی کے ممبران چاند تو رضاکارانہ دیکھ لیا کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنے پر قومی خزانے سے بھاری رقم خرچ ہو رہی ہے اور پڑھے لکھے علماء کرام میری تجویز کی حمایت کر رہے ہیں۔ چاند دیکھنے کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ دس سال کا کیلنڈر بن جائے گا تو غیر ضروری اخراجات اور تنازعات سے بچ جائیں گے۔

خیال رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر کے بیان پر رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور وزیراعظم سے اپیل کی تھی کہ وہ دینی معاملات پر اپنے وزرا کو بات کرنے سے روکیں۔