عاطف اور شہرام ترکئی ہدف تھے، گرفتار دہشتگرد کے انکشافات

عاطف اور شہرام ترکئی ہدف تھے، گرفتار دہشتگرد کے انکشافات
کیپشن: حملوں کے لیے موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار تیار کیا تھا، گرفتار دہشتگرد۔۔۔۔۔۔فوٹو/ شہرام ترکئی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

پشاور: حیات آباد آپریشن میں گرفتار دہشت گرد نے مقامی عدالت میں اقبال جرم کر لیا۔ ملزم نے عدالت میں انکشاف کیا کہ وزیر سیاحت عاطف خان اور وزیر بلدیات شہرام ترکئی ہدف تھے۔

ملزم نے عدالت کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ٹارگٹ آئی ایس ایف کے منعقدہ جلسے میں خودکش دھماکا کرنا تھا جبکہ وزیر سیاحت عاطف اور وزیر بلدیات شہرام ترکئی ہدف تھے۔ حملوں کے لیے موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار تیار کیا تھا جبکہ جسٹس محمد ایوب اور ڈرائیور پر بھی قاتلانہ حملہ کروایا تھا۔

خیال رہے گزشتہ دنوں پاک آرمی اور پولیس کے حیات آباد میں مشترکہ آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اے ایس آئی شہید، ایک افسر اور ایک جوان زخمی ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے مکان میں نصب خطر ناک بم ناکارہ بنایا اور اس دوران دھماکے سے مکان منہدم ہو گیا۔