عید کے بعد بھارت سے سرحدی جھڑپ ہوسکتی ہے ہمیں تیار رہنا ہوگا، شیخ رشید

عید کے بعد بھارت سے سرحدی جھڑپ ہوسکتی ہے ہمیں تیار رہنا ہوگا، شیخ رشید


اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ عید کے بعد بھارت سے سرحدی جھڑپ ہوسکتی ہے ہمیں تیار رہنا ہوگا، 15 رمضان تک کاروبار نہ کھولا گیا تو سفید پوش لوگ مرجائیں گے،آٹا چینی رپورٹ کی فورنزک رپورٹ میں جو بھی آگیا عمران خان نہیں چھوڑےگا، دنیا ایک جہانگیر ترین کی بات کرتی ہے اگر 10جہانگیر ترین بھی ہوں تو کارروائی ہوگی،نیب قانون میں اس وقت ترمیم کی گئی تو لوگ ہم پر انگلیاں اٹھائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی اور حکومت میں تین تین لوگ ہیں، جو مزید طاقتور ہوگئے، مافیا مضبوط ہوتا گیا۔شیخ رشید نے کہا کہ علی بابا اور چالیس چور ملے ہوئے ہیں عمران خان واحد امید ہیں وہ ہی اس مافیا کو ختم کریں گے اگر ان سے امید پوری نہ ہوئی تو پھر اللہ ہی جانتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان صاف کہہ چکے ہیں وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، آٹا چینی رپورٹ کی فورنزک رپورٹ میں جو بھی آگیا عمران خان نہیں چھوڑےگا، دنیا ایک جہانگیر ترین بات کرتی ہے اگر 10جہانگیر ترین بھی ہوں تو کارروائی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ٹرینیں بند ہونے سے پانچ ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہورہا ہے، اگر حالات یہی رہے تو جون کی تنخواہ دینے کےلئے پیسے نہیں ہیں، حکومت تنخواہیں ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سمجھداری کی وجہ سے حکومت کو فنڈز مل رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو بڑے بحران سے نکالاہے، وزیر اعظم عمران خان اور فوج اس وقت ایک ساتھ ہیں 4 آرمی چیف کیساتھ کام کرنے والے شخص کو وزارت اطلاعات میں بھیجا ہے تاکہ وہ میڈیا ٹھیک کرے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بتایا کہ بھارتی فوج میں بھی کرونا وائرس پھیل گیا ہے، مودی انہیں واپس بلا رہا ہے، انہوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی روز پاکستان پر الزام لگا رہا ہے، 2 ماہ میں چھوٹی موٹی جھڑپ دیکھ رہا ہوں، عید کے بعد بھارت سے سرحدی جھڑپ ہوسکتی ہے، ہمیں تیار رہنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ مودی بہت مستی میں گھوم رہا ہے اسے پاکستان کے ساتھ مستی کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں لیکن مودی کو پاک فوج کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کے مسلمان کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر جاگ رہے ہیں لیکن اگر بھارت میں مسلمان جاگ گئے تو پھر انڈیا کی خیر نہیں۔

شیخ رشید احمد نے نیب قانون سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں اس وقت ترمیم کی گئی تو لوگ ہم پر انگلیاں اٹھائیں گے، ہم اس لیے کہتے ہیں وکٹ کے دونوں طرف ٹارزن پکڑیں، نیب قوانین میں تبدیلی کی تو لوگ کہیں گے ہمارے اندر کمزوری تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ مریم نواز سے کیوں نہیں پوچھتے کہ اب ٹوئٹ کیوں نہیں آتے، قوم مریم نواز سے پوچھے کیا معاہدہ ہے ٹوئٹ کیوں نہیں کر رہیں، مریم نواز سے پوچھیں جب وہ جیل میں تھیں انہیں فون کس نے دیا تھا۔