این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع

این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع
کیپشن: این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع
سورس: فائل فوٹو

کراچی: قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ تمام 276 پولنگ اسٹیشنز کے پولنگ بیگز کھولے جائیں گے اور ووٹوں کو گنا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام جماعتوں کے امیدواروں کو ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچنے کی ہدایت کی تھی جس پر (ن) لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل اور پی پی امیدوار قادر مندوخیل سمیت 16 دیگر امیدوار الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سے سکیورٹی کے لیے اضافی نفری طلب کی ہے۔

ووٹوں کی گنتی کا عمل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں قائم ریٹرننگ افسر کے دفتر میں ہورہا ہے ، اس دوران ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدوار موجود ہیں۔

الیکشن حکام کے مطابق باری باری تمام 276 پولنگ اسٹیشنز کے پولنگ بیگز کھولے جائیں گے اور ووٹوں کو گنا جائے گا۔

واضح رہے کہ 29 اپریل کو این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کامیاب ہوئے تھے اور مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ دونوں کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق ہے۔

آر او کے دفتر پہنچنے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں قادر مندوخیل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کواپنی فتح پر اعتماد ہے، ہم حلقے کے ووٹرز اور الیکشن کے ماحول کو جانتے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت نہیں گئے۔

دوسری جانب مفتاح اسماعیل نے کہا کہ خوشی ہے کہ الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا، ہمیں امید ہے آج ہی کام ہوجائے گا البتہ اگر ضرورت پڑی تو ہم بائیو میٹرک کی طرف جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے درخواست ہےکہ پولنگ اسٹیشنز کا فرانزک بھی کرایا جائے اور  ووٹ پر دستخط کی جانچ بھی کی جائے ۔