وزیر اعظم کل سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے

وزیر اعظم کل سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے
کیپشن: وزیر اعظم کل سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ کل اہم ترین سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پرسعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  اور کابینہ اراکین سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا اس بابت کہنا ہے کہ دورے کےدوران علاقائی اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا، وزیراعظم معیشت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری پر سعودی قیادت سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سعودی قیادت سے مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے شعبوں کو شامل کیا جائے گا،  دونوں فریق باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، وزیر اعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

خیال رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔  آرمی چیف کی سعودی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی،افغان امن عمل،دفاعی سیکیورٹی، فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینےکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی عرب تعاون کےخطے میں امن،سیکیورٹی پر مثبت اثرات ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی مسلح افواج کےسربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی نے آرمی چیف کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا رہےگا۔