سعودی شاہ سلمان سے ترک صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

سعودی شاہ سلمان سے ترک صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال
کیپشن: سعودی شاہ سلمان سے ترک صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: فائل فوٹو

استنبول: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ترک صدر کی فون کال پر بات چیت ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سب سے پہلے ترک صدرنے شاہ سلمان بن عبدالعزیزکوعید الفطرکی پیشگی مبارک باد پیش کی۔ دونوں کے درمیان ایک ماہ کے دوران دوسری بارفون کال پرتعلقات کی بہتری کے لیے گفتگو کی گئی۔

ترکی کی جانب سے ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کو متاثر کرنے والے امورسے متعلق بات چیت کی اورتعاون کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات پرغوربھی کیا۔

ترک صدر کے ترجمان نے بھی اس سے قبل کہا تھا کہ ہم سعودی عرب سے تعلقات کو زیادہ مثبت ایجنڈے کے ساتھ بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کے سخت ترین ناقد جلاوطن صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر2018 کو ترکی کے شہراستنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں لوٹے تھے، خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ انہیں قونصل خانے میں ہی قتل کر دیا گیا ہے جس کی بعد میں تصدیق بھی ہوگئی تھی۔ جس کے بعد  دونوں ممالک کے درمیان روابط سخت ہوگئے تھے۔