طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان

 طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے نام سے یونین بنی ہوئی ہے اور یہ سب اکٹھے ہوئے ہیں، 30 سال حکومت کرنیوالے حساب دینے کو تیار نہیں اور شور مچایا ہوا ہے لیکن طاقتور کو قانون کے تابع لانا ہماری ذمہ داری ہے۔

پنجاب پیری اربن ہاؤسنگ منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں آہستہ، آہستہ کچی آبادیاں بنتی دیکھیں، لاہور میں سوسائٹیز بننا شروع ہو گئیں اور غریبوں کا کسی نے نہیں سوچا، آدھا کراچی کچی آبادی پر مشتمل ہے جبکہ کراچی کے لوگ بجلی کے کنکشن کیلئے رشوت دیتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا سے حالات ابتر ہیں اور لوگوں کو آکسیجن نہیں مل رہی جبکہ لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں اور عوام بھارت کے حالات کو دیکھیں جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام ماسک ضرور پہنیں۔

انہوں نے کہا کہ امیروں کے علاقے ڈیفنس، بحریہ اچھی سوسائٹیز ہیں لیکن عام آدمی تنخواہ دار کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا کہ اس نے کیسے گھر بنانا ہے۔ اس لیے عام آدمی نے کچی آبادی بنانا شروع کر دی۔ آدھا کراچی کچی آبادی ہے جہاں کوئی کنکشن نہیں اور لوگ گندگی میں رہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جو بہت زیادہ امیر تھے وہ باہر سے علاج کرواتے تھے یہ سسٹم ہی سارا غلط ہو گیا تھا۔ ہم نے لاہور کو دیکھا جہاں کچی آبادیاں بن رہی تھیں۔ میٹھا پانی لاہور کو چاہیے، صاف سٹی، گارڈن ہونے چاہئیں تاہم اب ہم آہستہ آہستہ لاہور کو بہتر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار خراب تھی جو انگریز اسپتال چھوڑ کر گئے تھے وہی چل رہے تھے لیکن پھر غریبوں کے لیے سرکاری اور امیروں کے لیے نجی اسپتال بن گئے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنائے جائیں گے، گھر کا رقبہ 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا اور کم لاگت ہاؤسنگ کے تحت گھر کی قیمت 14 لاکھ 30 ہزار روپے ہے اور سستے گھروں کا دائرہ کار پنجاب کی ہر تحصیل تک بڑھائیں گے۔