کورونا وائرس سے اب تک 10 سال تک کی عمر کے 51 بچے جاں بحق ہوئے: این سی او سی

کورونا وائرس سے اب تک 10 سال تک کی عمر کے 51 بچے جاں بحق ہوئے: این سی او سی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اب تک 18,537 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 10 سال تک کی عمر کے 51 بچے بھی شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں اب تک 18,537 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 8809 ریکارڈ ہوئی ہیں جبکہ سندھ میں 4691 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث اب تک 3497 افراد کا انتقال ہوا جبکہ اسلام آباد میں 699، بلوچستان میں 240، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 494 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات 61 سے 70 سال کے درمیان عمر والے افراد کی ہوئی ہیں جبکہ وباءکے باعث جاں بحق ہونے والوں میں 154 ہیلتھ کیئر ورکرز بھی شامل ہیں۔