کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 200 افراد گرفتار، 90 کیخلاف مقدمہ درج

کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 200 افراد گرفتار، 90 کیخلاف مقدمہ درج
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: صوبائی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 200 افراد کو گرفتار اور 90 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس دوران ڈیڑھ لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے اور 36 گاڑیاں بند کیں جبکہ شہر کے چار علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا اور 17 گلیاں تاحال سیل ہیں۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 35 دکانوں جبکہ چمکنی میں پابندی کے باوجود طلبہ کو روزانہ بلانے پر نجی سکول کو سیل کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماسک نہ پہنے، اجازت کے بغیر دکانیں کھلی رکھنے پر کاروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
مختلف بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 76 افراد دھر لئے گئے ہیں اسی طرح چمکنی میں پابندی کے باوجود طلبہ کو روزانہ بلانے پر نجی سکول کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پنجاب بھر میں 8 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا جا رہا ہے جس کے تحت کسی بھی طرح کے کاروبار کی اجازت نہیں ہو گی۔