کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا ڈراپ سین، مالک ہی واردات میں ملوث نکلا

کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا ڈراپ سین، مالک ہی واردات میں ملوث نکلا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں سونے کی دکان میں مبینہ ڈکیتی کا ڈراپ سین ہو گیا اور دکان کا مالک چوری میں خود ہی ملوث نکلا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے چوری شدہ 3 کلو سونا بھی برآمد کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گلف شاپنگ مال میں سنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات پر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے چور کا پتہ چلا اور پولیس نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز میں کارروائی کرتے ہوئے مدعی آصف کو اس کے ساتھی وسیم سمیت گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 3 کلو سونا بھی برآمد کر لیا ہے۔ 
واضح رہے کہ پولیس کے مطابق کہ ملزم آصف نے خود اپنی دکان سے سونا غائب کر کے نقب زنی کا ڈراما رچایا تھا۔ ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ 3 کلو سونا آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز سے چھاپے کے دوران ملا۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار سے نامعلوم ملزمان سنار کی دکان سے 12 کلو کے قریب سونا لوٹ کر فرار ہو گئے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔ 
متاثرہ سنار کا کہنا تھا کہ وہ دکان پر تیار شدہ زیورات فروخت کرتے ہیں، دکان کے مالک نے بتایا کہ 3 مئی کو وہ دکان بند کر کے چلے گئے تھے، 4 مئی کی صبح دکان پر پہنچے تو 4 تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور 12 کلو کے قریب طلائی زیورات چوری ہوگئے تھے تاہم جب پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو کچھ چیزیں مشکوک پائی گئیں اور انکشاف ہوا کہ سونا شیشے توڑ کر نہیں بلکہ تالے کھول کر نکالا گیا تھا۔ 
متاثرہ صراف نے بعد میں مقدمے میں بیان زیورات کی مقدار کو بھی غلط قرار دیا جس سے شکوک و شبہات میں مزید اضافہ ہوا اور پھر سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے چوری کا بھی پتہ چل گیا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مدعی اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر کے تین کلو سونا بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔