شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والاشخص گرفتار

شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والاشخص گرفتار

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر مارنے والاشخص گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  ملزم کو موٹر وے اور ضلعی  پولیس کی مدد سے گرفتارکیا گیا ہے ، گزشتہ روز ملزم کی گاڑی کی ٹکرسے شہباز گل کی گاڑی موٹر وے پر الٹ گئی تھی تاہم  پی ٹی آئی رہنما نے واقعے کو ٹریفک حادثہ نہیں بلکہ قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا اور کہا کہ مخالفین نے منصوبے کے تحت ان کی گاڑی کو پیچھے سے ہٹ کیا جس کے باعث گاڑی الٹی مگر مولا کا کرم ہوا کہ میں محفوظ رہا۔

پولیس کے مطابق  گاڑی کا مالک طاہر نذیر مرید کے کا رہائشی ہے جس نے گاڑی وجاہت علی نامی شخص کو کرائے پر دی تھی جو فیملی کے ساتھ اسلام آباد جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی اور ڈرائیور وجاہت کو مرید کے تھانے لایا گیا۔ شواہد ، تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ  یہ حادثہ ہے جو ڈرائیور وجاہت علی کی غفلت سے پیش آیا، شہباز گل کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی گئی۔  مزید تفتیش کیلئے وجاہت علی کو حافظ آباد پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

گاڑی کے ڈرائیور وجاہت علی نے اپنے بیان میں کہا کہ گاڑی ٹکرانے کے بعد جائے حادثہ پر رکا تھا تاہم شہباز گل کو گاڑی سے نکلتے دیکھ کر وہاں سے بھاگ گیا۔

واضح رہے کہ واقعے پر  وزیراعظم شہباز شریف نے بھی  شہبازگل سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا،  وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے شہباز گل کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثیکی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔وزیراعظم نے شہباز گل اور ان کے ساتھیوں کے زخمیوں ہونے پر اظہار ہمدردی اور افسوس کرتے ہوئے شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

بعد ازاں  پولیس نےواقعے کی تحقیقات شروع کیں اور رات گئے رہنما تحریک انصاف کی گاڑی کو موٹر وے پر  ٹکر مارنے والی مبینہ گاڑی کی شناخت کرلی تھی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق ٹکر لگنے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور رکنے کے بجائے فرار ہوگیا تھا، گاڑی کے مالک کی بھی شناخت کرلی گئی تھی۔

مصنف کے بارے میں