فلسطینی خاتون نے 74 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی

فلسطینی خاتون نے 74 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی

یروشلم،دبئی:  فلسطین سے تعلق رکھنے والی خاتون ٍنے 74 سال کی عمر میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرلی ہے، نجمہ خلیل 5 بچوں کی ماں ہیں اور ان کے 14 نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں ہیں۔

عر ب میڈیا کے مطابق فلسطینی خاتون نے 74 سال کی عمر میں ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری حاصل کرکے ناصرف تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا دیا ہے بلکہ ثابت کردیا کہ علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔دبئی میں گزشتہ 17 سال سے درس و تدریس کے شعبے سے تعلق رکھنے والی فلسطینی خاتون کا نام نجمہ خلیل ابو عیسی ہے اور وہ 5 بچوں کی ماں ہونے کے ساتھ 14 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی نانی دادی بھی ہیں۔

نجمہ خلیل نے فلسطینی خواتین کی 25 سالہ جدوجہد کو اپنے تحقیقی مقالے کا موضوع بنایا، انہوں نے فلسطین میں آزادی کی پہلی تحریک انتفاضہ سے لے کر 2012 تک کے واقعات پر تحقیق کی اور یہ مقالہ ہالینڈ میں ہیگ یونیورسٹی کو بھیجا گیا جسے ڈاکٹریٹ سے نوازا   گیا۔ ڈاکٹریٹ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد نجمہ خلیل کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فرد کچھ حاصل کرنے کا ارادہ کر لے تو  پھر   کوئی بھی چیز   اس کا راستہ نہیں روک سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کا سہرا میرے خاوند اور بچوں کے سر جاتا ہے جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور قدم قدم پر بھرپور ساتھ دیا۔

مصنف کے بارے میں