پی پی پی اور پی ٹی آئی گندا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں : سعد رفیق

پی پی پی اور پی ٹی آئی گندا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں : سعد رفیق


اسلام آباد:وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتخابات پرانی مردم شماری کی بنیاد پر کرانا آئین سے متصادم ہو گا آئینی ترمیم سے گریزاں جماعتیں انتخابات سے خوفزدہ ہیں ۔ قومی ایشو پر ذاتی مفاد مقدم رکھنا تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کا ٹریڈ مارک ہے ۔ آصف زرداری ‘ عمران خان ڈرامے بازی ‘ بہانے بند کریں ،دونوں جماعتیں انتہائی گندا کھیل کھیل رہی ہیں۔

ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہر دس سال بعد نئی مردم شماری آئینی ذمہ داری ہے قومی ڈیٹا بیس اپ ڈیٹ کے بغیر مستقبل کی منصوبہ بندی ممکن نہیں ۔ آخری مردم شماری 1998 میں (ن) لیگ ہی کے دور میں کرائی گئی ۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں مردم شماری کی ذمہ داری ادا نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں سپریم کورٹ نے جلد مردم شماری کا آئینی حکم دیا اور (ن) لیگ حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود نئی مردم شماری کرائی اور نئی مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اعلان بھی ہو چکا ۔اس لئے انتخابات پرانی مردم شماری کی بنیاد پر کرانا آئین سے متصادم ہو گا لہذا زرداری صاحب اور عمران خان ڈرامے بازی اور بہانے بند کریں ۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حلقہ بندیوں کے لئے ترمیم نہ کی تو وقت پر انتخابات نہیں ہو سکیں گے ۔ آئینی ترمیم سے گریزاں جماعتیں انتخابات سے خوفزدہ ہیں کیونکہ مخالفین ووٹ کے بجائے سازش سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں عوام کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کے خواہشمند التوا چاہتے ہیں مگر ہم مخالفین کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔