امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں, اعزاز چوہدری

امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں, اعزاز چوہدری

واشنگٹن: پاکستان کے امریکا میں متعین سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے باہمی تجارتی روابط بڑھا کر بے پایاں فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے یہ بات واشنگٹن میں پاکستان سے آنے والے اعلی سطح کے تجارتی وفد جس کی سربراہی گورنر سندھ محمد زبیر کر رہے تھے سے ملاقات کے دوران کی ۔ سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہمارے تاجروں کو اپنے امریکی ہم منصبوں تعلقات بڑھاتے ہوئے ان تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے جن سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا گیا، انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسیع کرنے کی بے حد گنجائش موجود ہے۔انھوں نے عوامی سطح پر رابطے تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکاکے درمیان عوام سے عوام کی سطح پر روابطوں میں فروغ کاروباری اور تجارتی تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گا ،پاکستان 20 کروڑ کی آبادی والی مارکیٹ ہے جہاں کی ابھرتی ہوئی معاشیات امریکی اور دوسرے ممالک کے سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتی ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین باہمی تعلقات پر مشتمل سات دہائیوں پر مشتمل تاریخ نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی مضبوط بنیادیں استوار کر رکھی ہیں لیکن سرمایہ کاروں اور بزنس مینز کی سطح پر روابط تیز کر کے ابھی ان چھوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔امریکا کا دورہ کرنے والے تجارتی وفد نے سفیر سے ملاقات کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمہ خارجہ میں متعلقہ تنظیموں اور اداروں جن میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل، یو ایس ایگزیم بینک، او پی آئی سی، یو ایس ٹی ڈی اے اور امریکی محکمہ کامرس شامل ہیں،کے نمائندوں سے بھی ملاقات کیِں ۔

ان ملاقاتوں کا مقصد باہمی کاروبار کے لئے نئے موقعوں کی تلاش،تبادلہ خیال اور تجارتی روابط میں فروغ تھا۔پاکستانی وفد میں تجارتی کمپنیوں اور مالیتی اداروں کے اعلی عہدیدار، اور خارجہ امور کے حکام شامل تھے۔وفد نے امریکا کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور نیویارک، بوسٹن اور شکاگو میں متعدد اجلاسوں میں شرکت کی۔

مصنف کے بارے میں