آرمی چیف کی ایرانی صدر سے ملاقات, باہمی تعاون پر زور دیا

آرمی چیف کی ایرانی صدر سے ملاقات, باہمی تعاون پر زور دیا

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان کے تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران پاکستان تعلقات کا فروغ دونوں ملکوں کے عوام کی خواہش ہے اور بلا شبہہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات سیاسی تعلقات سے کہیں بالا تر ہیں۔صدر ایران نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کو عالم اسلام کی دو اہم ترین مشکلات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے قیام میں اہم کردار کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کے روز ہونے والی اپنی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سب ہی معاملات پر بات چیت کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ اور جواد ظریف کے درمیان ملاقات میں سرحدی سیکورٹی،انسداد منشیات نیز دہشت گردی و انتہا پسندی کی روک تھام جیسے معاملات زیر غور آئے۔

خیال رہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے اتوار کی شب تہران پہنچے تھے۔