وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا

وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا
کیپشن: مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس 3 بجے وزیراعظم آفس میں ہو گا۔ وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہو گا۔

وزیراعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، دفاع، خارجہ، خزانہ، اطلاعات کے وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ شریک ہوں گے۔ ڈی جی آئی ایس آئی، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود ہوں گے۔

اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، ملک میں احتجاج کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی کو دورہ چین پر اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردی کیخلاف آپریشنز میں پیشرفت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کو احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ سے نقصانات پر بریفنگ دی جائے گی۔