فضائی سرحدوں کی نگہبانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے‘ صدر مملکت

فضائی سرحدوں کی نگہبانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے‘ صدر مملکت

کراچی:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی فضائی سرحدوں کی نگہبانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے‘ پاک فضائیہ خود انحصاری پر یقین رکھتی ہے‘ ملکی دفاعی‘ سالمیت اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے‘ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیو ختم کرانے میں کردار ادا کرے۔ 

پاک فضائیہ کا سونمیانی فائرنگ رینج میں فائر پاور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ زبردست تقریب کے انعقاد پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور قابلیت سے متاثر ہوا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی فضائی سرحدوں کی نگہبانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے۔ پیشہ وارانہ قابلیت‘ مہارت اور بہادری میں پاک فضائیہ کا کوئی مقابل نہیں۔ صدر نے کہا کہ پاک فضائیہ خود انحصاری پر یقین رکھتی ہے جے ایف 17تھنڈر طیارہ ہمارا قابل فخر اثاثہ ہے۔ کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاعی‘ سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ ہماری مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیو ختم کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہداف کو نشانہ بنایا۔