دھرنا سیاسی سرگرمی , فوج کا کوئی تعلق نہیں, ترجمان پاک فوج

دھرنا سیاسی سرگرمی , فوج کا کوئی تعلق نہیں, ترجمان پاک فوج
کیپشن: Image Source: File Photo

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ دھرنا سیاسی سرگرمی ہے اس سے بطور ادارہ فوج کا کوئی تعلق نہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ دھرنا سیاستدانوں کا کام ہے، فوج ایسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں۔ سابق دور کے دھرنے میں فوج نے جمہوری حکومت کا ساتھ دیا تھا۔

 

 میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ فوج حکومت کے احکامات پر عمل کرتی ہے، فوج غیر جانبدار ادارہ ہے، آرمی ملکی دفاع کے کاموں میں مصروف ہے۔ جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن سینئر سیاستدان ہیں، وہ ملک سے محبت کرتے ہیں۔

 

کرتار پور راہداری کے حوالے سے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ ون وے راہداری ہے، بھارتی سکھ زائرین صرف حاضری دینے کے لیے آئیں گے، یہ ایک انچ کہیں اور نہیں جا سکتے، یہ لوگ حاضری دے کر واپس چلے جائیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر سکھ زائرین ویزے کے حصول کے بعد آئیں گے۔ وہ متعلقہ جگہوں پر جا سکتے ہیں۔ کرتار پور راہداری کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔  شناختی دستاویز اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ اگر فوج کو الیکشن میں نہیں بلایا جائے گا تو نہیں جائے گی، فوج کی خواہش نہیں کہ الیکشن میں کوئی کردار ادا کرے۔ سیاسی جماعتیں چیف الیکشن کمشنر خود لگاتی ہیں، الیکشن کمیشن کی درخواست پر اپنے فرائض انجام دیئے۔